نئی دہلی: امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم 119 بھارتی شہریوں کو ملک بدر کر دیا گیا، جو خصوصی پرواز کے ذریعے بھارتی شہر امرتسر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، امیگریشن کریک ڈاؤن کے تحت ان افراد کو امریکا سے بےدخل کیا گیا۔
یہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے سخت امیگریشن قوانین کے تحت بےدخل کیے جانے والے بھارتی شہریوں کا دوسرا گروپ ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک اور پرواز میں 157 مزید بھارتیوں کو ملک بدر کر کے بھارت بھیجا جائے گا۔
ڈی پورٹ کیے گئے بھارتی شہریوں کے مطابق، امریکی حکام نے انہیں زنجیروں اور ہتھکڑیوں میں جکڑ کر بھیجا، جس پر وطن واپس پہنچنے پر ان کے اہل خانہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
زیادہ تر بےدخل کیے گئے افراد غیر قانونی طریقے، خاص طور پر “ڈنکی روٹس” کے ذریعے امریکا میں داخل ہوئے تھے۔
قبل ازیں بھی 5 فروری کو 104 بھارتی شہریوں کو امریکا سے بےدخل کیا گیا تھا، اور امیگریشن حکام کے مطابق مزید سخت اقدامات متوقع ہیں۔