اسلام آباد: حج کی سعادت سرکاری اسکیم کے تحت حاصل کرنے والوں کو فی کس 97 ہزار روپے واپس کیے جائیں گے۔رقم کی واپسی کاعمل پیر سے شروع کیاجائے گا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے حجاج کرام کو مزید 12 ارب روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت حج پر جانے والے ہر حاجی کو 97 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رقوم کی واپسی پیر سے شروع ہو جائے گی۔
منیٰ میں جگہ نہ ملنے اور ٹرین کی سہولت سے مستفید نہ ہونے والے 22 ہزار 600 حاجیوں کو 21ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائے گی۔ مدینہ منورہ میں مرکزسے باہر رہائش اختیار کرنے والے 18 ہزار حاجیوں کو 14 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 63 فیصد حجاج کو مدینہ منورہ میں نزدیک ترین رہائش فراہم کی گئی جبکہ 78 فیصد حجاج کو منی عرفات میں مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی گئی۔ اولڈ منٰی میں 47 فیصد حجاج کو خیمے فراہم کیے گئے۔ حج سے قبل قربانی کی مد میں 55 ہزار روپے واپس کیے گئے۔