روم: اسکینڈلز کے لیے شہرت رکھنے والے اٹلی کے سابق وزیراعظم برلسکونی 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ مالی اور جنسی اسکیڈلز کے باعث انھیں اٹلی کا ڈونلڈ ٹرمپ بھی کہا جاتا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اٹلی کے 1994 سے 1995، پھر 2001 سے 2006 اور بعد میں 2008 سے 2011 تک وزیر اعظم رہنے والے برلسکونی، ایک میڈیا ٹائیکوں اور معروف بلڈرز کے طور پر بھی مشہور تھے۔
بے پناہ دولت اور طاقت رکھنے والے برلسکونی کی زندگی کا شاید ہی کوئی لمحہ جب کسی اسکینڈل میں ان کا نام نہ آیا ہو۔ 2011 میں ان کے عہدے سے سبکدوشی اور پھر سیاست سے باہر ہونے کی وجہ بھی ایک 17 سالہ مصری جسم فروش لڑکی سے جنسی تعلقات رکھنا بنی تھی۔
وہ اپنے مالی اور جنسی اسکینڈلز کے باعث ہمیشہ سرخیوں میں رہتے تھے۔ ان کی ذاتی زندگی کی طرح سیاسی سفر بھی تنازعات سے بھرا تھا۔ ان اسکینڈلز اور تنازعات کے باعث برلسکونی کا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اکثر موازنہ کیا جاتا تھا۔
برلسکونی نے 70 اور 80 کی دہائی میں میڈیا کی سلطنت بنائی۔ اس میں ایک پبلشنگ ہاؤس اور مقبول کیبل ٹی وی نیٹ ورک، میڈیا سیٹ شامل تھا جو جلد شہرت اور بزنس کے اعتبار سے اٹلی کے سرکاری ٹیلی ویژن کا سب سے بڑا حریف بن گیا۔
اٹلی کے سابق وزیراعظم کی 9 جون کو طبیعت بگڑ گئی تھی جس پر انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج آج انتقال کر گئے ۔