ریاض : سعودی عرب کی وزارت حج نے حج کے ایام میں حرم مکی اور حرم نبوی میں فوٹو گرافی کے لیے کچھ اصول وضع کیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج نے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے بابرکت اوقاف سے فائدہ اٹھائیں اور نیک اعمال پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دیں۔
وزارت حج نے ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے ایک پیغام میں کہا کہ مناسک حج کی ادائیگی کے دوران تصویر کھنچوانے کے کچھ آداب ہیں اور عازمین کو ان کا خیال رکھنا ہوگا۔
اس ضمن سے عازمین کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ ” زیادہ دیر تک کھڑے رہنے سے گریز کریں، حاجیوں کے راستوں سے دور رہیں، ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے سے گریز کریں اور دوسروں کی رازداری کا احترام کریں” ۔
اس سے قبل سعودی وزارت حج و عمرہ نے رمضان المبارک اور عمرے کے دوران بھی فوٹوگرافی سے متعلق سخت ہدایات جاری کی تھیں ۔
واضح رہے کہ حج کے موقع پر عازمین حج اس بابرکت سفر کو یادگار بنانے کے کے لیے مقدس مقامات کی فوٹو گرافی کو پسند کرتے ہیں اور اکثر مصروف نظر آتے ہیں ۔