کراچی: پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہ نور بلوچ کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی شخصیت اچھی ہے مگر وہ خوبصورت ہیں اور نہ ہی اچھے اداکار ہیں تاہم انہیں خود کو مینج کرنا آتا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں ماہ نور بلوچ نے کہا کہ میری نظر میں شاہ رخ خان اچھے اداکار نہیں البتہ وہ ایک اچھے کاروباری ضرور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان ایک بہترین شخصیت کے مالک تو ضرور ہیں تاہم اگر انہیں خوبصورتی کے پیمانے پر ناپا جائے تو ان کا شمار خوبصورت لوگوں میں نہیں ہوتا، ہاں انہیں خود کو مینج کرنا آتا ہے۔
ماہ نور بلوچ نے مزید وضاحت کی کہ شاہ رخ خان اداکاری کے بارے میں نہیں جانتے، یہ میرا نقطہ نظر ہے جو ممکن ہے کہ غلط بھی ہو تاہم میں سمجھتی ہوں کہ شاہ رخ خان کے پاس وہ صلاحیت ضرور ہے جس کی بنیاد پر وہ مداحوں کو خوبصورت لوگوں سے زیادہ متاثر کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ شاہ رخ خان کو خود کو بیچنا (مارکیٹ) آتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’یہ ضروری نہیں کہ اُن کے مداح میری رائے سے متفق ہوں مگر میں سمجھتی ہوں کہ میرا نقطہ نظر کسی حد تک درست ہے۔
ماہ نور بلوچ نے کہا کہ ’میں نے اپنے کیریئر میں بہت سارے ایسے اداکار دیکھے ہیں جو خوبصورت اور باصلاحیت ہیں مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔
بشریٰ انصاری کی جانب سے خود پر کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ماہ نور بلوچ نے کہا کہ ’میں نے وہ ویڈیو دیکھی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ مجھے اداکاری نہیں آتی، ممکن ہے وہ درست کہہ رہی ہوں کیونکہ اُن کی نظر میں اداکاری ورسٹائل ہونی چاہیے جو شاید مجھ میں نہیں ہے۔