موسلادھار بارش ،پمز میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پمز اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر مبشر ڈاہا نے کہا ہے کہ پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے مزدورں میں سے 11 کی لاشیں پمز لائی گئی ہیں۔

ڈاکٹر مبشر ڈاہا کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی عمریں 19 سے 36 سال کے درمیان ہیں۔دیوار گرنے کے باعث پمز میں 6 زخمی بھی لائے گئے ہیں، زخمی ہونے والے افراد خطرے سے باہر ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں ایک مزدور کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ پمز انتظامیہ جڑواں شہروں میں شدید بارش کے بعد مکمل الرٹ ہے، اسپتال کا عملہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب شدید بارش کے باعث دیوار گر گئی تھی، 12 افراد دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔پولیس نے بتایا ہے کہ گرنے والی دیوار 100 فٹ لمبی اور 11 فٹ بلند تھی۔