بغداد:عراق نے سویڈن سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ۔
عراقی دارالحکومت بغداد میں سویڈن کا سفارت خانہ جلانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بغداد سے عرب میڈیا کے مطابق عراقی وزیراعظم نے سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ عراقی وزیراعظم نے سویڈن کے بغداد میں موجود سفیر کو فوری طور پر عراق چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر عراق کے دارالحکومت بغداد میں سیکڑوں مشتعل افراد نے سوئیڈن کے سفارت خانے پر آج دھاوا بول کر اسے جلا دیا۔
مشتعل مظاہرین نے وسطی بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کے کمپاؤنڈ کی دیواروں کو توڑ کر سفارت خانے کو آگ لگا دی۔
سوئیڈن کے سفارت خانے پر حملہ عراقی رہنما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے کیا ہے۔ سویڈن کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سفارت خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔
دوسری جانب عراق کی وزارتِ خارجہ نے سویڈن کے سفارت خانے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
عراق میں مشتعل افراد کی جانب سے یہ مظاہرہ سویڈن میں ایک اور قرآن کی بے حرمتی کی اجازت دیے جانے پر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ ایک عراقی نژاد سوئیڈش شہری قرآن پاک کی بے حرمتی کرچکا ہے۔