گلاسکو:برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر وکرم دورائیسوامی کو گلاسگو میں واقع گوردوارے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر احتجاج کرتے ہوئے سکھ افراد بھارتی ہائی کمشنر کے سامنے آگئے۔
سکھوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو گوردوارے سے واپس جانے پر مجبور کردیا۔
خیال رہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پچھلے دنوں بھارت پر زور دیا تھا کہ وہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کرےاور قتل کے احتساب کو یقینی بنائے ۔
کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کینیڈا بھارت کو اشتعال نہیں دلا رہا نہ مسائل پیدا کر رہا ہے، یہ معاملہ قانون کی حکمرانی کا ہے۔
یاد رہے کہ آزاد خالصتان کے رہنما ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔
کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کینیڈا میں بھارتی سفارتکار کو ملک بدر کردیا جس کے جواب میں بھارت نے بھی کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیاتھا۔
ادھر سکھ رہنما کے قتل کے ردعمل میں کینیڈا، امریکہ اور مختلف مغربی ریاستوں میں سکھ برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔