راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ کے علاقے میں بکریاں چراتے ہوئے 12 سالہ بچہ پہاڑی پتھر میں پھنس گیا ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے آٹھ گھنٹے سے زائد کے مسلسل آپریشن کے بعد پہاڑ کو کاٹ کر بچے کو بحفاظت نکال لیا۔مزید تفصیل جانتے ہیں صالح مغل سے
ریسکیو 1122کی ٹیم نے کامیاب آپریشن کرکے پہاڑی پتھر میں پھنسے بارہ سالہ بچے کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو 1122حکام کے مطابق کہوٹہ کے علاقے میں بکریاں چراتے ہوئے 12 سالہ طیب نامی بچے کے پہاڑی پتھر میں گر کر پھنس جانے کی اطلاع ملی جس پر ریسکیو کے ماہرین موقع پر پہنچنے تو دشوار گزار پہاڑی راستہ ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم کہیں کلو میٹر دور تک ریسکیو آلات اٹھائے پیدل جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
بچے کو پتھر کے اندر سیفٹی کٹ و ہیلمٹ پہنا کر جسم میں پانی و منرلز کی کمی نہ ہو کے لیے ڈریپ لگا دی گئی جبکہ امدادی کاروائی کے دوران بھی بچے کو کھانے پینے کی اشیاء بھی پتھر کے اندر ہی فراہم کی جاتی رہیں۔آٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران پہاڑ کے سوارخ جس میں بچہ پھنسا ہوا تھا کو کاٹ کر وسیع کیاگیا اور بلاآخر بچے کو بحفاظت پتھر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔
ریسکیو حکام کا کہناتھاکہ پہاڑی پتھر انتہائی سخت تھا اور بچہ اندر ہونے کے باعث اسکی حفاظت یقینی بناتے ہوئے جدید آلات کی مدد سے پہاڑ کو کاٹ کر سوراخ کو کھلا کرکے بچے کو نکلا گیا۔
ادھر اہل خانہ کے مطابق بچہ گزشتہ روز بکریاں چرانے گھر سے نکلا تھا لیکن بدھ کی شب تک معمول کے مطابق گھر واپس نہ پہنچا تو بچے کی تلاش شروع کی گئی اور بدھ اور جمعرات کی شب گئے بچے کے پہاڑی پتھر میں پھنسنے کا پتہ چلا جسکے بعد اہل خانہ اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو کھینچ کر پتھر سے نکالنے کی کوشش کرتے رہے جسکی وجہ سے بچے کے جسم پر زخم بھی آئے اور جسم پر سوجن بھی ہوگئی اپنی مدد آپ کے تحت کامیابی نہ ملنے پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی ۔جس پر ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن کرکے بچے کو بحفاظت ریسکیو کیا۔
دوسری جانب اہلیان علاقہ نے کامیاب آپریشن پر ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت اور فرائض سے لگن کو سراہا ہے۔