قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کو زمین سے 40 ہزار فٹ بلندی پر لے گئی ہے اور غلط معاشی اعداد و شمار پیش کر رہی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ افراط زر نیچے نہیں آ رہی ہے، مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کرنے والے کس جہاں میں رہتے ہیں؟ چیلنج کرتا ہوں افراد زر کم نہیں بلکہ زیادہ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آ رہی جبکہ حکومت غیر ملکی دوروں کے باوجود سرمایہ کاری لانے میں ناکام ہے، قانون کی حکمرانی نہ ہونے تک معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو دھمکیاں ملتی ہیں، ڈی چوک پر پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئی ہیں اور بانی پی ٹی آئی کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔