اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے 12 شہداء اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا، زخمیوں میں سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کرانا ہے۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرنے کہا کہ آج کی کمپلینٹ ایک پرائیویٹ کمپلینٹ ہے، اس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اس کے بعد اس کمپلینٹ پر مزید کارروائی ہوگی، کل حکومت سے ہمارے مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر جمع کرائیں گے۔ حکومت اگر نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ بیٹھے تو مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔