بماکو: مغربی افریقی ملک مالی میں غیر قانونی سونے کی کان بیٹھنے سے کم از کم 48 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بعض متاثرین پانی میں جا گرے، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی جس کی پیٹھ پر اس کا بچہ موجود تھا۔
مالی افریقہ کے بڑے سونے پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے، لیکن غیر منظم کان کنی اکثر خطرناک حادثات کا سبب بنتی ہے۔ حکومت غیر قانونی کان کنی پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، تاہم حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
مقامی حکام نے بھی کان کے منہدم ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ کینیبا سونے کے کان کنوں کی ایسوسی ایشن نے ہلاکتوں کی تعداد 48 بتائی ہے۔ ماحولیاتی تنظیم کے سربراہ کے مطابق، مزید متاثرین کی تلاش کا کام جاری ہے۔
جنوری 2025: جنوبی مالی میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم 10 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین تھیں۔ 2024 میں اسی علاقے میں ایک سرنگ منہدم ہونے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
مالی میں سونے کی غیر محفوظ کان کنی انسانی جانوں کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے، جبکہ حکومت اور مقامی تنظیمیں اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔