دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو جیت کیلئے 229 رنز کا ہدف دے دیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی پوری ٹیم آخری اوور میں 228 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلادیش کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کُن رہا، ابتدائی 10 اوورز میں 35 رنز کے نقصان پر 5 وکٹیں گنوادیں تھی، اوپنر سومیا سرکار اور کپتان نجم الحسن شانتو بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے جبکہ مہدی حسن 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
اوپنر بلے باز تنزید حسن بھی 25 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے تاہم توحید ہردوئے اور ذاکر علی نے 154 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، ذاکر 68 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ توحید ہردوئے سنچری سکور کرکے کیچ تھما بیٹھے۔
بنگلا دیش کی جانب سے رشید حسین 18، تسکین احمد 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ مشفیق الرحمیم اور تنظیم حسن ثاقب بھی بغیر کھاتے کھولے چلتے بنے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 ، ہرشت رانا نے 3 اور اکشر پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا ہر ٹیم گیم ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرتی ہے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں، ٹاس ہو گیا اب ہمیں فوکس کرنا ہے کہ گیند کے ساتھ کس طرح کھیلنا ہے۔
اس موقع پر بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے کہا ہے کہ ٹیم کی تیاری سے خوش ہوں، ٹیم میں دو سپنرز اور 3 فاسٹ باؤلرز کو شامل کیا ہے، اچھا ٹارگٹ سیٹ کر کے بھارت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔
بنگلا دیش کی ٹیم میں کپتان نجم الحسن شانتو، تنزید حسن، سومیا سرکار، توحید ہیرودے، مشفیق الرحیم، مہدی حسن میراز، جاکر علی، رشید حسین، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شیریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، راویندرا جڈیجا، ہرشیت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یادویو شامل ہیں۔