استنبول:ترک صدر رجب طیب ایردوان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
صدر ایردوان نے کہا کہ مسلمانانِ عالم کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور انہیں متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو بھی روکنا ہوگا۔
انہوں نے اسرائیلی اقدامات کو “بے لگام، جارحانہ اور غیر قانونی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کا صرف سیاسی اور پرامن حل چاہتے ہیں۔ صدر ایردوان نے کہا کہ خطے کو مزید تباہی اور خون ریزی سے بچانا ضروری ہے، تاہم مغربی طاقتیں اسرائیل کی حمایت کر رہی ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا کہ “فلسطین ہمارے لیے ریڈ لائن ہے” اور سلامتی کونسل کو اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کی کمزوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری متحد ہوتی تو غزہ میں اتنی بڑی تباہی نہ ہوتی۔
صدر ایردوان نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی یکجہتی کو مضبوط کریں اور اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر مہم چلائیں۔ انہوں نے او آئی سی کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور تمام مسلم ممالک سے اپیل کی کہ اپنے اندر موجود اختلافات کو ختم کر کے اتحاد قائم کریں۔