راولپنڈی:جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے لڑتے شہیدہونیوالے پاک فوج کے میجرسید معیز عباس شاہ کی نماز جناز ہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نمازجنازہ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر داخلہ، سینئر حاضر سروس فوجی اور سول افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سید معیز عباس شہید نے بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جان کانذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ان کے عظیم جذبے کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانی پر فخر کرتی ہے، ہمارے شہداء کا لہو وطن کی طاقت کی بنیاد ہے اور ہم ان کے احسان مند رہیں گے۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسدخاکی تدفین کیلئے آبائی علاقے روانہ کردی گئی،جہاں اُنہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔