اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہےکہ قدرتی آفا ت کے دوران ریلیف کی فراہمی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ دریائے سوات سانحہ پر قوم رنجیدہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختون خوا میں 12سالہ اقتدارکے باوجود ریسکیو کا نظام قائم نہیں کیا جا سکا ۔
بیرسٹر عقیل ملک کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بارہ سال سے خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن آج بھی نظام کو درست نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہاکہ دریائے سوات کے سانحے پر ڈی سی کو معطل کرنے کی بجائے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ لوگوں کو ٹینٹ فراہم کرنا ان کام نہیں ، تو کیا آپ کا اصل کام اسلام آباد پر چڑھائی کرنا اورلوگوں کوڈنڈے فراہم کرناہے؟۔
وزیرمملکت قانون عقیل ملک نے کہاکہ آئین کے تحت مخصوص نشستیں خالی نہیں چھوڑی جا سکتیں۔انہوں نےکہاکہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ماننے والوں کو اب سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ماننا ہو گا۔پارلیمان کے سوا کسی کو بھی آئین میں ردو بدل کا حق حاصل نہیں ۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ سنی اتحاد کونسل کے چئیر مین نے بھی اپنے انتخابی نشان پر الیکشن نہیں لڑا۔انہوں نے کہاکہ ہائوس کے مکمل ہونے کے بعد سینٹ کے انتخاب کا عمل مکمل ہو جائے گا۔