پشاور :قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے ، ملک اور صوبوں کو آئین کے مطابق چلایا جائے تو کسی قسم کا تصادم پیدا نہیں ہوگا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے معاملے پر پاکستان تنہا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا بلکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اسلامی ممالک کی اجتماعی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا ۔
گورنر ہاؤس پشاور میں خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کے راہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قائم مقام صدر اور چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں ۔ کسی معاملے پر الگ سیاسی رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے تاہم ملک کی سلامتی اور جمہوریت کی بقا کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صدارتی اختیارات وزیر اعظم کو منتقل کر کے پارلیمانی نظام کو مضبوط بنایا ۔ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں امن کے قیام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو متحد ہونا ہوگا ۔
مشرق وسطی ٰ میں قیام امن کے حوالے سے ہونے والوں کوششوں پر قائم مقام صدر نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر پاکستان تنہا کوئی فیصلہ نہیں کرے گا بلکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی عرب، ترکی اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ اجتماعی مشاورت کے تحت آگے بڑھا جائے گا۔
افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی وفاق کی ذمہ داری ہوتی ہے ، صوبوں کووفاق کے ساتھ ملکرکام کرناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بھی آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے۔ کالا باغ ڈیم سمیت تمام متنازع امور کو مشترکہ مفادات کونسل کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن بنیان مرصوص کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا موقف بہترین انداز میں پیش کر کے سفارتکاری کی نئی مثال قائم کی۔