دوحہ:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا وژن جامع اور پائیدار ترقی ہے۔ ہم ایک ایسی دنیا چاہتے ہیں جہاں سماجی ہم آہنگی، مساوات، یکجہتی اور انسانی حقوق کا احترام ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اختلافات اور تقسیم سے بالاتر ہو کر ہمدردی، انصاف اور اجتماعی ترقی کی راہ اپنانی چاہیے۔
صدرِ مملکت نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی سوچ کو ناقابلِ فہم قرار دیا اور کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی عالمی قوانین کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی تمام انسانیت کا مشترکہ اثاثہ ہے اور اس پر کسی کی اجارہ داری قابلِ قبول نہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کانفرنس کے انعقاد پر قطر کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ سربراہی اجلاس سماجی انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے لیے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترجیح دے رہا ہے۔ نیشنل یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور عالمی مواقع تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ گرین پاکستان پروگرام اور مینگرووز کی بحالی کے ذریعے ماحولیاتی استحکام پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
بی آئی ایس پی کے حوالے سے صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ پروگرام نوّے لاکھ سے زائد خاندانوں کو مالی امداد، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور دنیا بھر میں ایک مثالی سماجی تحفظ کا ماڈل تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کو وسعت دینا ناگزیر ہے تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کر سکے، ہر ماں کو نگہداشت میسر ہو، ہر مزدور باعزت روزگار کمائے اور ہر شہری ڈیجیٹل دنیا سے جڑ سکے۔ صدرِ مملکت نے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں شرح خواندگی کو 90 فیصد تک بڑھانے اور ہر بچے کے اسکول داخلے کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ سماجی ترقی کے لیے منصفانہ، جامع اور متوازن مالیاتی نظام تشکیل دیا جائے اور بین الاقوامی اداروں کو شفافیت اور شمولیت کے اصولوں پر ازسرِنو فعال کیا جائے تاکہ وہ گلوبل ساؤتھ کے تقاضوں کو پورا کر سکیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور پاکستان کے قطر میں سفیر بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام دنیا بھر کے رہنما اور مندوبین شریک ہوئے، جب کہ اجلاس کے اختتام پر شریک سربراہان مملکت کا گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔