Home highlight قومی علماء و مشائخ کانفرنس، علماء کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور عسکری قیادت کو خراج تحسین

قومی علماء و مشائخ کانفرنس، علماء کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور عسکری قیادت کو خراج تحسین

Share
Share

اسلام آباد: کنونشن سینٹر میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے ملکی صورتِ حال، عسکری اقدامات اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔

جامعہ رشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور عسکری قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے، اس میں سب سے بڑی ضرورت سیاسی اور عسکری قیادت کے مضبوط تعلق اور باہمی اتفاق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت کا یکجا ہونا آئین، دین اور شریعت کے مطابق ہے جس پر پوری قوم کو شکر ادا کرنا چاہیے۔

مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی افواج کو محافظِ حرمین شریفین ہونے کا شرف عطا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فوج نہ صرف اسلامی فوج ہے بلکہ حرمین کی محافظ بھی ہے، اور یہ اعزاز اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا کردہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہماری فوج کو غزوہ ہند کی توفیق عطا فرمائی ہے، اس لیے پوری قوم کو فوج کا ہر صورت ساتھ دینا چاہیے۔

انہوں نے فتنۂ خوارج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں 42 احادیث موجود ہیں اور اس فتنے کی سرکوبی کے لیے اللہ تعالیٰ نے عسکری قیادت اور پاک فوج کو منتخب فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فتنۂ خوارج کے خاتمے کے لیے علماء کی مدد انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارج مذہب کی بنیاد پر دہشت گردی کر رہے ہیں، جبکہ افغانستان میں فتنۂ خوارج اور فتنۂ الہند کو بھارت اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے۔

مفتی عبدالرحیم نے علماء سے اپیل کی کہ وہ افغانستان کو تنبیہ کریں کہ اسلام کے نام پر پاکستان کے معصوم شہریوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور تمام علماء کو یک زبان ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت سپہ سالار کی ذمہ داری ہے جبکہ اس کے نظریے کی حفاظت علماء کی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے 30 لاکھ طالبعلم فوج اور قوم کی رہنمائی کے منتظر ہیں۔ حافظ طاہر کا کہنا تھا کہ مئی میں پاکستان کو ملی فتح اللہ کی مدد، قوم اور فوج کے اتحاد سے حاصل ہوئی۔

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ “بنیان المرصوص” نے دنیا میں پاکستان کو عزت دی ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی شدید مذمت کی۔

جمعیت اہلحدیث کے علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح حاصل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی نام نہاد سیاست دان کو پاک فوج کے سپاہیوں کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پیر حسن حسیب الرحمان نے اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ علماء اسلام اور پاکستان کی سربلندی کے لیے ہر قدم پر فوج کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاسپورٹ کو عالمی سطح پر عزت کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے اور اوورسیز پاکستانی فخر کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر “پیغامِ پاکستان” کو قانون کا حصہ بنا دیا جائے تو یہ دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

Share
Related Articles

ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج بڑا اضافہ

کراچی :پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج...

امریکا کا اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز کے بم فروخت کرنے کی منظوری کا فیصلہ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز...

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں پر گفتگو

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد...

پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے،ایرانی صدر

تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پڑوسی...