اسلام آباد:صدرآصف علی زرداری نے قوم سے اپیل کی ہےکہ شبِ برات کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئےمعاشرے میں امن، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعمیری کردار ادا کریں۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ شبِ برات توبہ، استغفار، محاسبۂ نفس اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کا خصوصی موقع فراہم کرتی ہے ۔یہ عظیم رات ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو نیکی، تقویٰ اور اصلاح کی راہ پر گامزن کریں۔
انہو ں نے کہا کہ یہ مقدس رات انسان کو اپنی کوتاہیوں پر ندامت اور مستقبل کے لیے بہتر اور درست راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔شبِ برات ہمیں امید، اصلاح اور باہمی اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ یہ رات ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد اور اجتماعی بھلائی کو مقدّم رکھیں۔