نیویارک:اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فوکونگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیاں خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے طالبان رجیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج، ای ٹی آئی ایم، داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔
فوکونگ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر نہ صرف ملک کے اندر بلکہ پڑوسی ممالک کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں چینی شہریوں پر بھی حملے ہو چکے ہیں جن میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
چینی مندوب نے کہا کہ چین افغانستان سے ہونے والی ہر قسم کی دہشتگردی کی سخت اور بھرپور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے سنگین خطرات کو تسلیم کریں اور افغانستان کی سرزمین سے سرگرم تمام دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔
عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی اور ان کی پشت پناہی کے باعث طالبان رجیم پر عالمی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق طالبان حکومت کی سرپرستی میں افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے۔
عالمی ماہرین نے کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان بڑھتا ہوا گٹھ جوڑ خطے کے امن کے لیے ایک سنگین چیلنج بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق دنیا بھر سے اٹھنے والی آوازیں دراصل پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کر رہی ہیں کہ افغان طالبان دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی میں ملوث ہیں۔