اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے ممکنہ ٹرانسفر سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو بطور سربراہ جوڈیشل کمیشن خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے ٹرانسفر کے معاملے پر ذاتی طور پر سنے جانے کی درخواست کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت کسی بھی فیصلے سے قبل متعلقہ جج کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار کا نام بھی ان ججز میں شامل ہے جن کے ٹرانسفر پر غور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے متعدد ججز کے نام زیر غور آئیں گے، جبکہ اس معاملے پر مختلف قانونی اور آئینی پہلوؤں پر بھی غور متوقع ہے۔