اسلام آباد:بغاوت ، اقدام قتل اور جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کے 9 ضمانت کیسز میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو پیشی کے لیے کل تک کی مہلت دے دی۔عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے عمران خان کل پیش نا ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں خارج تصور ہوں گی۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے قانون بڑا واضح اور سب کے لیے برابر ہے۔ بتائیں کہ ضمانت قبل از گرفتاری میں حاضری سے استثنا کہاں ہے؟ اگر حاضری سے استثنا کو چھوڑ بھی دیں تو شامل تفتیش نا ہونے کا کیا کریں ؟
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور فیصل چوہدری جبکہ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ میڈیکل گراوٴنڈ پر پہلی مرتبہ درخواست دی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر عمران خان کو زخمی ٹانگ پر چوٹ سے سوجن ہوئی اور انہیں کل شام اسپتال جانا پڑا۔ اکہتر سال کی عمر میں زخم بھرنے میں بھی وقت لگتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ میڈیکل رپورٹ بھی پرائیویٹ اسپتال کی دے رہے ہیں۔ سرکاری اسپتال سے علاج کیوں نہیں کراتے؟ آپ کو معلوم ہے کہ کریمنل کیسز میں سرکاری اسپتال کی رپورٹ ہی قابل قبول ہوتی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا یہ شوکت خانم اسپتال کی رپورٹ دیتے ہیں اپنا اسپتال اور اپنا ڈاکٹر، یہ تو چھ ماہ تک ٹھیک نا ہونے کی رپورٹ دے دیں گے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کبھی تھریٹ ہے، کبھی ٹانگ میں درد ہے، چار پیشیوں سے حاضر نہیں ہوئے کیونکہ وہ “پریویلیجڈ” ہیں۔ کل کوئی کریمنل یہ آرڈر دکھا کر کہے گا کہ بغیر پیش ہوئے ضمانت ملنے کی مثال موجود ہے۔
وکیل نے کہا دو کیسز الگ ہیں جن میں کچہری کی جی الیون منتقلی کے بعد متعلقہ کورٹ میں پیش ہو جائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا جس دن سورج اچھی طرح ہو گا، چڑیاں چہچہا رہی ہوں گی تو پیش ہو جائیں گے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے یقین دہانی کرائی کہ کل ایمبولینس میں بھی پیش ہونا پڑا تو عمران خان ضرور آئیں گے۔
عدالت نے کہا ہم کسی کیلئے مختلف قوانین نہیں بنا سکتے عدالت کے اپنے لئے واحد فیس سیونگ یہی ہے اب اگر عمران خان کل پیش نا ہوئے تو ضمانتیں مسترد کر دی جائے گی۔