Home sticky post 2 ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے

Share
Share

اسلام آباد: ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی۔
یوم یکجہتی کشمیر پر حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، شہر شہر جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کر کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزراء ، دفترخارجہ کے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد اور سویٹ ہوم کے بچوں نے شرکت کی، شرکاء نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ڈی چوک میں وفاقی وزیر توانائی مصدق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جنت نظیر وادی ہے جس کا قدرتی حسن لاجواب ہے، کشمیر کی ہر وادی، ہر درخت اور ہر جنگل جنت کا آئینہ ہے بھارت نے اپنے ظلم و جبر سے جنت جیسی وادی کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حق خود ارادیت، زندہ رہنے کا حق کشمیریوں سے چھین لیا، بھارت کی بربریت کی وجہ سے پورا ریجن تباہی کی طرف چلا گیا، ہم بھارت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دینے کا وقت آگیا ہے، کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
کراچی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلزچورنگی سے مزار قائد تک واک کی گئی، وزیرتعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے شرکت کی، طلباء کی بڑی تعداد کشمیری پرچم تھامے واک میں شامل ہوئی۔
پشاور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑیرہنے کے عزم کا اعادہ کیا، کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے اظہار تشکر کے پوسٹرز لگا دیئے گئے جس پر وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیراعظم آزادکشمیر کی تصاویر آویزاں ہیں۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان اسمبلی میں کشمیریوں کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا، قرارداد میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کی مذمت کی گئی، قرارداد میں اقوام متحدہ سے کشمیری عوام کو ان کی حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
پانچ فروری ہر سال پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جاتا ہے، آج کشمیر بارود کی بو میں ڈوبا ہوا ہے جہاں ظلم اور جارحیت کے سائے منڈلا رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں سات دہائیوں کے دوران 6 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے کشمیری آج بھی جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں۔
بھارت نے آزادی مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے، حالیہ 34 برسوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں 96 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے گئے، دوران حراست 7 ہزار 375 بے گناہ کشمیری لقمہ اجل بنے ہیں اور 1 لاکھ 7 ہزار 974 بچے شفقت پدری سے محروم ہوئے ہیں۔
پانچ اگست 2019ء کو مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی، گزشتہ 5 سالوں کے دوران بھارت نے 966 کشمیری شہید کئے ہیں، 25 ہزار سے زائد کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے، جن میں 2 ہزار 455 شہریوں کو دوران حراست شہید بھی کر دیا گیا۔
نا م نہاد جمہوریت کا دعویدار بھارت ریاستی دہشتگردی سے باز نہیں آرہا اور جنوری 2025 میں مزید 11 کشمیری شہید کئے گئے ہیں، گھر گھر محاصرے کے دوران جنوری کے مہینے میں ہی 37 بے گناہ شہریوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے اور گھر بھی جلائے جا رہے ہیں۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چو ہدری نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت اب پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے، بھارت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کر رہا ہے، کینیڈا، امریکا سمیت دیگر ممالک نے بھی اس کی مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے آزادی کیلئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں، عالمی برادری کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلوائے۔

بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری آج مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور انداز میں یکجہتی کا اظہار کریں اور انہیں یہ یقین دلا دیں کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے زیر نہیں کر سکتا۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ دن عوام کے پاکستان اور اہلیان جموں و کشمیر کے لازوال رشتوں اور ہم آہنگی کی پہچان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے، اہل پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا، حکومت پاکستان کی جانب سے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت پر شکرگزار ہیں۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ بھارت کے ریاستی جبر کے خلاف سینہ سپر ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاوٴنی میں تبدیل کر دیا، بھارتی بربریت کے خلاف دنیا اقدام کرے، اقوامِ متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

Share
Related Articles

وزیراعظم کا دورہ آزاد کشمیر، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہبازشریف

مظفرآباد:وزیرِاعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر مظفر آباد پہنچے جہاں آزاد...

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہی نہیں، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خطے کا...

فلسطینی شہریوں کا صدرٹرمپ کے غزہ پر قبضہ کرنے کے اعلان پر رد عمل آگیا

غزہ: فلسطینی شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضہ...

انصاف کے نام پر بنی اقوام متحدہ کشمیر کیلئے کب حرکت میں آئے گی؟ ،مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا...