لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید کاکہنا ہے کہ اسرائیل نے اب مشرق وسطیٰ میں ایکشن شروع کردیا ہے۔ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد یہ کشیدگی اور جنگ مزید بڑھے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سن پر کر بہت غم ہوا،ایک مجاہد کو شہید کردیا گیا، یہ فلسطینی عوام کیلئے ایک بہت بڑی شہادت ہے۔
مشاہد حسین سید نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی باتوں کو سبوتاژ کردیا گیا ہے، یہ فلسطینی جنگ آزادی کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ان کو ایران کے دارالخلافہ تہران میں شہید کیا گیا، یہ ایرانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل نے یہ قدم اٹھانے سے پہلے امریکیوں کو لازمی تحفظ میں لیا ہوگا، اسماعیل ہانیہ کشمیر کی آزادی کیلئے بہت آواز اٹھاتے تھے، اسرائیل نے اب مشرق وسطیٰ میں ایکشن شروع کردیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہانیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے۔
حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہانیہ شہید ہوئے، حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔