منسلک:پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق کرلیا گیا، دونوں ممالک درمیان فوجی تعاون اور تجارت میں اضافے کے بھی معاہدے کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچے جہاں میزبان صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا، مسلح افواج نے انہیں سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا، دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
استقبالیے کے بعد تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کی جانب سے حکام نے مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے۔ پاکستان اور بیلاروس کی وزارت دفاع کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان کے ٹی ڈی اے پی (ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی) اور بیلاروس کے ایوان صنعت و تجارت کے درمیان بھی معاہدا ہوا، بیلاروس کے محکمہ پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان بھی معاہدہ ہوا جس کا مقصد پوسٹل آئٹمز کے درمیان سہولیات پیدا کرنا ہے۔
دریں اثنا مختلف شعبہ جات میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔
قبل ازیں بیلا روس کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان بیلا روس کے ایوان آزادی میں دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ پاکستان سے 150,000 سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے لائحہ عمل جلد ترتیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں کے درمیان طے پایا کہ زرعی شعبے اور زرعی مشینری کی تیاری کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا، الیکٹرک گاڑیوں، بسوں کی تیاری اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائےگا، دفاعی تعاون اور بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھایا جائے گا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی امور سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہء خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں میں حالیہ مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا گیا۔