لاہور:چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے ملاقات کی ۔جس میں پاکستان میں ٹینس کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اعصام الحق نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹینس کے کھیل کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نئے ٹینس کورٹس بھی بنائیں گے۔
اعصام الحق قریشی نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دی۔اعصام الحق نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہاکہ کرکٹ کی طرح پاکستان میں ٹینس کا بھی بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔ چاہتے ہیں کہ ٹینس میں بھی پاکستانی کھلاڑی ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ نوجوانوں میں پیڈل ٹینس کا کھیل بھی مقبول ہورہا ہے۔ پیڈل ٹینس کے نئے مواقع سے نوجوانوں کو بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے ٹینس فیڈریشن کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی سی بی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کئے تیار ہے۔
اعصام الحق نے ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل کے حل اور نئے ٹینس کورٹس بنانے کی یقین دہانی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔