اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر ایف آئی اے تحقیقات کے خلاف متفرق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی۔
بشریٰ بی بی نے وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اس عدالت میں مرکزی کیس پہلے سے زیرِ سماعت ہے، 18 ستمبر کو عدالت نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس اب 30 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، کیس زیرِ التوا ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے 19 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جب تک کیس زیرِ التوا ہے عدالت ایف آئی اے کا نوٹس معطل کرے، ایف آئی اے اگر کارروائی جاری رکھتا ہے تو اس سے پٹیشنر کے حقوق متاثر ہوں گے۔