Home Uncategorized پشین میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر دھماکا،14افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

پشین میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر دھماکا،14افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

Share
Share

پشین:صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں خانوزئی کے علاقے میں سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا ہے۔جس کے نتیجے میں14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں اضافی عملہ طلب کرلیا گیاہے ۔

پولیس کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے باہر دھماکا ہوا، جس میں 14 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت خودکش بتائی جاتی ہے، جس کے بعد سکیورٹی فورسز کی مزید نفری اور ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوع پر روانہ کردیا گیا ہے۔

ریسکیو اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ پشین میں خانوزئی کے علاقے میں ہوا، جہاں سابق صوبائی وزیر اور پی بی 47 سے آزاد امیدوار اسفندیار کاکڑ کے انتخابی دفتر کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 12 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید زخمی بھی اسپتال لائے گئے ہیں، جس کے بعد تعداد 10 سے بڑھ کر 30 ہو گئی ہے۔

ادھر سیکرٹری صحت نے پشین دھماکے کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں اضافی عملہ طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹراما سینٹر ، سول اسپتال ، بی ایم سی ، بینظیر اسپتال اور شیخ زید اسپتال میں آپریشن تھیٹر بمعہ عملہ الرٹ رکھا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے اور 10 افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔ اتحاد اور اتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔

Share
Related Articles

بہترین انتظامات کے باعث بسنت کا مزہ دوبالا ہو گیا،غیر ملکی شہری بھی پتنگ بازی کے جوش میں شامل

لاہور میں بہترین انتظامات کے باعث بسنت کا مزہ دوبالا ہو گیا۔شہریوں...

نئی سوچ، جدت پسندی اور بدلتے زمانے کے تقاضوں کو اپنانا ہی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،مصدق ملک

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ...

پاکستان دشمنی میں مبتلا بھارتی میڈیا کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب

اسلام آباد:گودی میڈیا جھوٹ، فریب اور پروپیگنڈا کے ہتھیار سے خطہ میں...

ایپل نے آئی فون سیریز کا 17 واں ایڈیشن متعارف کرا دیا

کیلیفورنیا :ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون 17...