پیرس: پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے پاکستان کے اولمپیئن ارشد ندیم کو جیولن تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل دے دیا گیا۔
پیرس کے ایتھلیٹکس اسٹیڈیم میں ایک رنگارنگ تقریب میں ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنایا گیا اور ان کے حریف ایتھلیٹس کو کانسی اور چاندی کا تمغہ دیا گیا۔
جیولن تھرو کے مقابلے میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے چاندی اور گریناڈا کے ینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا میڈل حاصل کیا۔
قبل ازیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ارشد ندیم اس گولڈ میڈل کے حقیقی حقدار تھے، حکومت سندھ کے اعلانات سن کر خوشی ہوئی۔
یاد رہے کہ اولمپیئن ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا، انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے وہ پہلے پاکستانی بن گئے۔
اولمپیئن ارشد ندیم نے 92.97 میٹرز دور تھرو پھینک کر جیولن میں نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔