Home سیاست پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے، شہباز شریف

پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے، شہباز شریف

Share
Share

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل کرنسی کو ریگولیٹ کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ خطے میں تجارت کے فروغ کی موجودہ استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں کونسل ارکان نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کے لیے تجاویز دیں، جس کا وزیر اعظم نے خیر مقدم کیا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی استحکام فرد واحد نہیں، بلکہ پوری ٹیم کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوا۔ معیشت کی پائیدار ترقی کے حوالے سے مزید محنت کے لیے پر عزم ہیں۔ خطے میں تجارت کے فروغ کی موجودہ استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقامی صنعت کو اس قابل بنائیں گے کہ ہماری برآمدات بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کر سکیں۔ صنعت، زراعت آئی ٹی کی ترقی، روزگار کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملک میں گرین ڈیٹا سینٹرز کے قیام کےلیے بھی حکومت کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلی کمیونی کیشن سروسز کی بہتری اور دُور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی رسائی سے آئی ٹی برآمدات اور فری لانسرز کی تعداد میں اضافے کے لیے کوشاں ہیں۔ اسی طرح ڈیجیٹل کرنسی کو ریگیولیٹ کرنے کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج کی تعمیری گفتگو کو قابل عمل منصوبے میں تبدیل کرنا ہے۔

اس موقع پر شرکا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔قیمتوں میں استحکام سے پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتی معاشی ٹیم نے تمام اندازوں اور تجزیوں کو غلط ثابت کیا۔ پہلی مرتبہ ہے عالمی معاشی ادارے، کاروباری برادری اور سرمایہ کار حکومتی ایکشن پلان کے یک زبان ہو کر معترف ہیں۔

شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادارہ جاتی اصلاحات پر سنجیدگی سے عمل درآمد یقینی بنا رہی ہے۔ کاروباری برادری اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے باقاعدگی سے مشاورت پر وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک کے تمام بڑے شعبوں میں ترقی حکومت کے ٹیکس نظام کی بہتری، ضابطوں میں آسانی و کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے اقدامات سے ممکن ہوئی۔

اجلاس میں شرکا نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ حکومتی معاشی ٹیم تک کاروباری برادری کی رسائی آسان اور باقاعدگی سے مشاورت ہو رہی ہے۔ ملکی صنعت کا پہیہ چل پڑا ہے، برآمدات میں ایک ماہ میں خاطر خواہ اضافہ اس کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ اسمگلنگ کی روک تھام سے برآمدات میں اضافہ ہوا، جو خوش آئند امر ہے۔

اجلاس میں جہانگیر خان ترین، ثاقب شیرازی، شہزاد سلیم، مصدق ذوالقرنین، ڈاکٹر اعجاز نبی، آصف پیر، زید بشیر اور سلمان احمد کے علاوہ وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر حسین،جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Share
Related Articles

سابق اداکارہ سارہ چوہدری کا طلاق اور ذاتی زندگی پر خاموشی توڑنے کا بیان

لاہور: پوڈکاسٹ میں پہلی بار کھل کر گفتگو پاکستان ٹیلی ویژن کی...

آزاد کشمیر میں کالعدم تنظیم سے وابستہ 72 افراد گرفتار، پولیس کا دعویٰ

مظفرآباد: سکیورٹی اور امن و امان کے لیے کارروائیاں جاری آزاد جموں...

محسن نقوی کا ایران کا اہم دورہ، فیلڈ مارشل کا خصوصی پیغام سپریم لیڈر تک پہنچائیں گے

اسلام آباد: وزیر داخلہ کرغزستان سے وطن واپس پہنچ گئے وفاقی وزیر...

عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال مسترد، عوام نے امن اور استحکام کا ساتھ دیا: شاہ غلام قادر

مظفرآباد: قائد حزب اختلاف کا احتجاجی کال پر ردعمل آزاد جموں و...