اسلام آباد:بانی تحریک انصاف عمران خان کے وکیل الیکشن دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق کیس سے لاعلم نکلے۔
عام انتخابات 2024ء میں مبینہ دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے کی، جس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل حامد خان لاعلم نکلے۔
عدالت میں کیس سے متعلق پکارا گیا تو اس سے قبل ہی عمران خان کے وکیل حامد خان کمرہ عدالت سے نکل گئے، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ حامد خان صاحب کو بلائیں، ان کا کیس سماعت کے لیے پکارا جا چکا ہے۔
حامد خان نے کہا کہ میرے خیال میں یہ کیس کل 12 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آپ کے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کو نوٹس ہو چکا ہے، آپ ان سے رابطے میں رہا کریں۔
اس موقع پر عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کو آج کیس فکس ہونے کی کاز لسٹ بھی دکھائی۔
حامد خان نے استدعا کی کہ ہمارے کیس کو سردیوں کی چھٹیوں کے بعد لگا دیں۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت سردیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔