اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس رہنما ء اہلیہ اوربچوں سمیت شہید
Share your love
بیروت:اسرائیلی فوج کے لبنان میں کیے جانے والے فضائی حملے میں حماس کے رہنما سعید عطاء اللّٰہ اپنی اہلیہ اور 2 بیٹیوں سمیت شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ ان کے کمانڈر سعید عطاء اللّٰہ علی ان کی اہلیہ اور دو بیٹیوں کی شہادت ہوئی ہے، یہ شہادتیں آج شمالی لبنان کے شہر طرابلس کے قریب بددوی کیمپ میں ان کے گھر پر اسرائیلی فضائی حملے کے دوران ہوئیں۔
حماس نے اپنے بیان میں بتایا کہ سعید عطاء اللّٰہ علی، ان کی اہلیہ شیماء خلیل عزام اور ان کی دو بیٹیاں زینب سعید علی اور فاطمہ سعید علی فضائی حملے میں جاں بحق ہوئیں۔
اسرائیل نے حالیہ ہفتوں میں لبنان میں حماس کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں 18 کمانڈر شہید ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب طرابلس کے قریب ہونے والے حملے کے بارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کوئی فوری بیان سامنے نہیں آیا۔
لبنان میں حزب اللّٰہ اور اسرائیل کے درمیان تقریباً ایک سال سے جاری جھڑپوں کے بعد اسرائیل نے اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ پہلے یہ لڑائی اسرائیل، لبنان سرحد تک محدود تھی، لیکن اب اسرائیل نے اپنے حملوں کا دائرہ وسیع کر لیا ہے۔
آج بیروت کے جنوبی علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ مقامی افراد کو حملے سے قبل اسرائیل کی جانب سے انتباہی پیغام موصول ہوا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کتنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر پہنچنے کا موقع ملا۔
گزشتہ روز روز اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بیروت کے جنوبی علاقوں میں حزب اللّٰہ کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا اور نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔