کراچی:آئی سی سی کے لاجسٹک پارٹنر کی جانب سے پاکستان کو اپنی طرز کا پہلا موبائل چینجنگ روم عطیہ کر دیا گیا۔
کراچی کے 40 باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے بوائز اور گرلز کھلاڑیوں میں کرکٹ کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔
اس حوالے سے نیشنل اسٹیڈیم کے اوول گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمیز ندیم خان، نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر ارشد خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری مراحل میں موبائل چینجنگ روم کا افتتاح کیا گیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ ایک مہنگا کھیل ہے اور عام کھلاڑی کی دسترس سے باہر ہے، باصلاحیت کھلاڑیوں کو کرکٹ کٹس کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے، یہ عمل ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
تقریب میں ندیم خان اور جنید ضمیر نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ آخر میں وسیم اکرم نے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے حوالے سے مختلف ٹپس دیں۔