اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان آج 11 مقدمات میں 2 عدالتوں میں پیش ہوں گے، ان کی اسلام آباد میں درج 11 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان اپنے خلاف 9 مقدمات کی سماعت کیلئے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں جبکہ 2 مقدمات میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں، نیب میں پیشی کا بھی امکان ہے۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کریں گے، ایک مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر سماعت مقامی عدالت جوڈیشل کمپلیکس میں ہوگی۔
آج 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے، سابق وزیر اعظم عدالتوں میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد آئیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے پولیس کی بھاری نفری سمیت رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا، اس سے قبل دفعہ 144 بھی نافذ ہوتا رہا ہے۔