پرتھ: پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 487 رنز پر آوٴٹ ہو گئی، ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے 6 شکار کیے۔پرتھ کے واکا کرکٹ سٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 346 رنز 5 کھلاڑی آوٴٹ سے کیا۔
پہلے دن کے اختتام پر ناٹ آوٴٹ رہنے والے آسٹریلوی بیٹر مچل مارش نے 15 اور الیکس کیری نے 14 رنز سے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کا سکور 411 رنز تک پہنچایا جس کے بعد ایلکس کیری 34 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ 104.5 اوورز میں 449 رنز پر گری جب مچل سٹارک کو بھی عامر جمال نے 12 رنز پر بولڈ کیا۔
کھانے کے وقفے کے فوری بعد مچل مارش نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہیں خرم شہزاد نے بولڈ کیا جبکہ 481 کے مجموعے پر عامر جمال نے پیٹ کمنز کو بھی سلپ میں کیچ آوٴٹ کروا دیا اور ڈیبیو ٹیسٹ پر 5 وکٹیں لینے والے 14 ویں باوٴلر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
آسٹریلیا کے آخری آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آوٴٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے بہترین باوٴلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے آوٴٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔
جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگ کا آغاز کیا۔
دونوں بیٹرز نے پہلی ہی وکٹ پر ٹیم کو 126 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر دی جس کے بعد آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 29.4 اوورز میں 126 رنز پر گری جب شاہین ا?فریدی نے عثمان خواجہ کو 41 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آوٴٹ کرایا۔
فاسٹ باوٴلر فہیم اشرف نے دوسری وکٹ 37.1 اوورز میں 159 رنز پر حاصل کی، مارنس لبوشین 16 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اس دوران انہوں نے 125 گیندوں پر ایک چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی 26 ویں سنچری مکمل کی۔
آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 56.3 اوورز میں 238 رنز پر گری جب خرم شہزاد نے سٹیو سمتھ کو 31 رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ کرایا۔
آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 72.1 اوورز میں 304 رنز پر گری جب عامر جمال نے ٹریوس ہیڈ کو 40 رنز پر پویلین بھیجا۔
قومی ٹیم نے آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ کچھ ہی دیر بعد 74.5 اوورز میں 321 رنز پر حاصل کر لی، عامر جمال نے ڈیوڈ وارنر کو 164 رنز پر کیچ آوٴٹ کرایا۔
پاکستان کیخلاف میچ کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک پر مشتمل ٹیم میدان میں اتری ہے۔
قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کر رہے ہیں۔