اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے مشاورت سے نئے عدالتی ہفتے کیلئے بنچز تشکیل دیدیے ۔پچیس ستمبر سے اٹھائیس ستمبر تک کیلئے 395مقدمات پانچ عدالتی بنچز کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں ۔پیر سے جمعرات تک کے عدالتی ہفتے میں فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس سمیت مختلف دیوانی ،فوجداری اور ٹیکس کے مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں ۔
25ستمبر پیر سے لیکر 28ستمبر جمعرات تک مقدمات کی سماعت کیلئے پانچ بنچ تشکیل دیے گئے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آئندہ پیر سے جمعرات تک 55مقدمات سنے گا ۔
جمعرات 28ستمبر کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس کی سماعت کرے گا ۔
جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 160مقدمات کی سماعت کرے گا۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 60مقدمات کی سماعت کرے گا ۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 60مقدمات کی سماعت کرے گا ۔جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے بھی 60مقدمات سماعت کیلئے مقرر ہیں۔