اسلام آباد:بھارت کوسیاسی ،سفارتی اور اطلاعات سمیت تمام محاذوں پر شکست دینے پر قومی قیادت کو ان کی شاندار کارکردگی اور حکمت عملی کے اعتراف میں نشان امتیاز سے نوازا گیا ۔
بھارت کی جانب سے بلااشتعال جارحیت کےمقابلے میں پاکستان کی جانب سے اقتدار اعلی کی سربلندی ،قومی اتحاد کےلیے غیر متزلزل عزم کا شاندا رمظاہرہ کیا گیا۔ جسے قوم کی دلی پذیرائی حاصل ہوئی ۔
معرکہ حق میں بے مثال کامیابی کے اعتراف میں اہم کردار ادا کرنے والی سیاسی قیادت میں شامل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو عالمی فورمز پر بھارت کے یکطرفہ سفارتی حملے کا پردہ فاش کرتے ہوئے علاقائی امن کی بقا کےلیے پاکستان کے اصولی موقف کو کامیابی سے پیش کرنے پر ایوان صدر میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کو سند ھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی اور معصوم پاکستانیو ں کے قتل کےخلاف دستیاب قانونی ذرائع سے متعلق رہنمائی پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا جواب دینے اور قومی قوت کے اظہار اور مربوط ہم آہنگی پیدا کرنے کے اعتراف میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کو سول و عسکری اداروں کے درمیان اطلاعات کی ترسیل کی ہم آہنگی پیدا کرنے اور بھارت کے کذب و افتراکو کامیابی سے شکست دینے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے معرکہ حق کے دوران نہ صرف داخلی محاذ پر یکجہتی کو برقرار رکھا بلکہ بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں اور عبادت گاہوں پر شدید حملوں کے باوجود امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ و ترقی احسن اقبال کو تزویراتی سطح پر ابلاغ اور وزیراعظم کی اہم مصروفیات میں مشاورت اور کلیدی کردار ادا کرنے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
سفارتی محاذ پر پاکستان کے موقف کی موثر اور بھرپور ترویج کرنے اور عالمی سطح پر بھارت کی مکارانہ سازشوں کو بے نقاب کرنے کے اعتراف میں سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زردای کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی سیاسی امور راناثناء اللہ کو قومی اتفاق رائے کے قیام اور سیاسی ہم آہنگی کےفروغ میں اہم کرادا کرنے کے اعتراف میں نشان امتیازسے نوازا گیا۔
وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ سفارتی وفد میں شامل وفاقی وزیرڈاکٹر مصدق مسعود ملک ،سابق سفیر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی خارجہ امور طارق فاطمی ، سینیٹر شیری رحمان ، سینیٹرسید فیصل علی سبزواری ،سینیٹر بشری انجم ،قومی اسمبلی کی خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کی چئیرپرسن حنا ربانی کھر اور انجینئر خرم دستگیر خان کو یک طرفہ بھارتی لاف زنی کے مقابلے میں پاکستانی موقف کی موثر ، متحرک اور دلیرانہ ترویج کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا ۔