مکہ مکرمہ: سعودی حج سیکیورٹی فورسز نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک بھارتی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ شخص ایمبولینس کے ذریعے بغیر اجازت نامے کے چار رہائشیوں کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
اسی کارروائی کے دوران ایک مصری شہری کو بھی حراست میں لیا گیا جس نے سوشل میڈیا پر جعلی حج پرمٹ کا اشتہار جاری کیا تھا۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں اور صرف باقاعدہ اجازت نامے کے ذریعے ہی مقدس مقامات کا رخ کریں۔