بھارتی جارحیت کاسلسلہ بدستور جاری، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں جاسوسی کے آنے والے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے جبکہ دھماکے بھی سنے گئے۔
راولپنڈی، گجرات، اٹک، گجرانوالہ، لاہور، شیخوہ پورہ، ننکانہ، گھوٹکی اور کراچی کے علاقے ملیر میں ڈرونز تباہ کیے گئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق افواج پاکستان کی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا گیا ہے۔
بھارت کے 6 اور 7 مئی کے بزدلانہ حملہ میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز، متعدد پوسٹوں کے تباہ اور فوجی ہلاکتیں ہونے کے بعد، بھارت بوکھلاہٹ میں یہ اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔
یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بھوکلاہٹ کی نشانی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت نے بھرپور نقصان اٹھایا اور اٹھا رہا ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے۔
افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اسکے تمام عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
پاکستان میں گرائے جانے والا ڈرون اسرائیلی ساختہ Heron MK 2 ہے جو 35 ہزار فٹ کی بلندی پر اڑتا ہے۔
اس ڈرون کو انٹی ائیرکرافٹ گن سے ٹارگٹ نہیں کیا جا سکتا، اسکا انجن برطانوی کمپنی UAV Engines LTD بناتی ہیں اور دنیا میں پہلی مرتبہ یہ ڈرون گرایا گیا۔
گوجرانوالہ میں جمعرات کی صبح دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد کینٹ کے علاقے میں نصب ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک ہوگیا اور ایک بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔ڈرون شہر کے فضائی حدود میں داخل ہوا تو کینٹ ایریا میں نصب ایئر ڈیفنس نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے اسے نشانہ بنایا۔
لاہور میں والٹن اولڈ ایئرپورٹ اور برکی کے علاقے میں حساس مقامات کے قریب بھارتی ڈرونز نے کارروائی کی کوشش کی تاہم پاک فضائی کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ڈرونز کو مار گرایا۔ڈرونز کے فضا میں پرواز کرنے اور تباہ ہونے سے عوام میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا جبکہ مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
ذرائع کے مطابق والٹن اور ڈی ایچ اے کے علاقے میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں فرضی مشقوں کے دوران کی ہیں، سائرن بجا کر شہریوں کو گھروں میں رہنے کا حکم بھی دیا گیا۔ والٹن میں اینٹی ایئر کرافٹ گنز نصب کر دی گئیں۔
جلو پارک جھیل کے قریب پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا جس کے بعد جلو پارک میں داخلہ بند کر دیا گیا۔ پولیس ایلیٹ فورس کی بھاری نفری داخلی راستے پر تعینات ہے
ننکانہ اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بھی ڈرونز گرائے گئے۔ شیخوپورہ اور والٹن کے بعض علاقوں میں ڈرونز کھیتوں میں گرے جبکہ متعداد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہر میں فائرنگ کی آوازیں، موک ایکسرسائز کا حصہ تھیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے موک ایکسر سائز کر رہے ہیں، شہر بھر سے فائرنگ وغیرہ کی آوازیں فورسز کی موک ایکسر سائز کی تھیں۔
ڈی سی لاہور کے مطابق واہگہ بارڈر کے قریب سیکیورٹی الرٹ کی ایڈوائزری جعلی ہے لہٰذا شہری پریشان نہ ہوں، واہگہ بارڈر یا ملحقہ علاقوں میں کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
جعلی ایڈوائزری میں ڈی ایچ اے فیز 8، عسکری 11، پیراگون سٹی اور گرین سٹی کا ذکر کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ یہ ایڈوائزری جعلی ہے، شہری افواہوں پر یقین نہ کریں، خبروں کی تصدیق ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کے نمبر 03070002345 سے کریں۔
راولپنڈی شمس آباد فوڈ اسٹریٹ کے قریب عمارت کے شیشے ٹوٹنے اور شہری کے زخمی ہونے کا معاملہ بھارتی ڈرون کو نشانہ بنائے جانے کا نکلا۔
تھانہ نیوٹاون کے علاقے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب دکان پر نامعلوم ڈرون گرا، گیٹ نمبر 05 کے قریب توقیر عباس اور حیدر علی ڈرون گرنے سے زخمی ہوگئے۔
ریس کورس گراونڈ کے قریب بھی ڈرون طیارہ گرنے کی اطلاع ملی، پولیس اور فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ قریبی پرائیوٹ اسکولز میں چھٹی دے دی گئی۔
کرکٹ اسٹیڈیم کے تمام گیٹ بند کر دیے گئے اور جائے وقوعہ کے گرد قناعتیں لگا دی گئیں، سیکیورٹی ادارے اور بم ڈسپوزل کی ٹیمیں چیکنگ میں مصروف ہیں۔
گجرات کے گاوٴں پیر جھنڈ کے کھیتوں سے ڈرون کا ملبہ قبضہ میں لے لیا گیا، ڈرون کے ملبے کی اطلاع پر پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہیں کی ڈرون کس ساخت کا تھا، ڈرون کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔
ذرائع کے مطابق اٹک کے علاقے جبی کسراں میں ڈرون گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت 65 سالہ محبوب الٰہی کے نام سے کی گئی، لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔
جاں بحق شخص کھیتوں میں کام کر رہا تھا اور ڈرون گرنے سے ابتدائی طور پر زخمی ہوا، زخمی محبوب الٰہی اسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہوا جس کو سر اور بازووٴں پر زخم آئے تھے۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں کوئی بھی ڈرون گرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور ایف سیون میں ڈرون گرنے کی اطلاع درست نہیں، اسلام آباد میں صورت حال معمول کے مطابق ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ چند افراد جعلی سائرن بجا کر خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ خود اطلاع دے گی۔
ڈی سی کے مطابق سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر مصدقہ اعلان کیا جائے گا، غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔ امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے گاوٴں سرفراز لغاری میں بھی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی، جس میں ایک شہری مختیار احمد شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مقامی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔
خیال رہے کہ واقعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔