غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ پر اندھا دھند بمباری کی جس کی زد میں ایک کلینک بھی آگیا اس بمباری میں نومولود سمیت 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس کلینک میں کئی بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔ اسرائیلی فوج نے کم سن بچوں کی اس عارضی پناہ گاہ کو بھی نہ بخشا۔
اسرائیلی فوج کی غزہ کے کلینک پر بمباری میں نومولود سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جب کہ درجن سے زائد زخمی ہیں۔
دریں اثنا دیرالبلاح میں بھی ایک گھر اسرائیلی بمباری میں تباہ ہوگیا جس میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسی طرح مغازی پناہ گزیں کیمپ میں بھی ایک اجتماع پر ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 61 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 98 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔