کراچی:قومی ٹیم کے سابق کوچ مشتاق احمد نے وقار یونس اور وسیم اکرم کو کروڑوں روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کردیا۔
مشتاق احمد نے نجی ٹی وی کے پروگرام کے میزبان فخر عالم کو ایک ویڈیو پیغام بھیجا جو انہوں نے اپنے پروگرام میں چلایا۔ اس ویڈیو میں مشتاق احمد نے پروگرام میں بطور مہمان بیٹھنے والے وسیم اکرم اور وقار یونس کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر گفتگو کی۔
مشتاق احمد نے کہا کہ وقار یونس اور وسیم اکرم میرے سابق کولیگ ہیں جن سے مجھے پیار ہیں مگر یہ دونوں میری کوچنگ کا مذاق اڑاتے ہیں تو اب میں وقار یونس کو 20 کروڑ اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ روپے کا نوٹس بھیج رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اب سوشل میڈیا کا جدید زمانہ ہے اور قانون میں بہت زیادہ ماڈرنائز ہوگیا ہے۔ میرا وکیل دونوں کو جلد قانونی نوٹس بھیجے گا۔
مشتاق احمد نے فخر عالم کو مخاطب کر کے یہ بھی کہا کہ وقار یونس کو بتادیں کہ لڑائی قد سے نہیں حوصلے اور بہادری سے ہوتی ہے لہذا میرے قد پر نہ جائیں۔
اس ویڈیو پر وقار یونس اور وسیم اکرم نے قہقہ لگایا اور کہا کہ مشی بھائی کے ویڈیو کے بعد پروگرام اچھا ہوجائے گا۔ دونوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب عدالت میں ملاقات ہوگی۔