اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے شکار اور متاثرین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے قومی جذبات، قربانیوں اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں رہتے ہوئے قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے اس ناسور کو بڑی بہادری اور ہمت کے ساتھ شکست دی ہے۔دہشت گرد اور دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی قومی غیرت و حمیت اور ہمارے امن و خوشحالی کے عزم کو اللہ کے فضل و کرم سے پسپا نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف 90 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلکہ ہماری ملکی معیشت کو بھی خاطر خواہ نقصان اٹھانا پڑا۔ پاکستان کے طول و عرض میں ہر شہر، ہر بستی میں کوئی نہ کوئی شاہراہ، بازار اور سکول دہشت گردی کے واقعات اور متاثرین کی روداد سناتی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل حب الوطنی اور قومی سلامتی کے جذبے سے سرشار ہے۔ حکومت، افواج، پولیس اور انٹیلیجنس ادارے مشترکہ طور پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کی کامیابی اس عزم کی واضح مثالیں ہیں۔
انہوں نے انٹیلیجنس اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے ملک کو بے شمار حملوں سے محفوظ رکھا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے متاثرین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان اداروں کو بھی سراہا جو اس ناسور کے خاتمے کے لیے برسرپیکار ہیں۔
شہباز شریف نے نیشنل ایکشن پلان کو دہشت گردی کے خلاف جامع حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلان نظریاتی، انتظامی، اور بیانیہ کے محاذ پر بھی اقدامات کا احاطہ کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آ ج ہم بحیثیت قوم دہشت گردی کے شکار متاثرین اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی سے نبرد آزما اداروں کو لائق صد تحسین سمجھتے ہیں۔