اسلام آباد:این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسی آپریشنز سینٹر نے یکم ستمبر تا3ستمبر تک ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ۔
جاری الرٹ کے مطابق یکم تا 3 ستمبر کے دوران ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں مشرقی دریاؤں کے بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہیں ۔
دریائے ستلج میں اس وقت 2 لاکھ 53 ہزار 68 کیوسک کا غیر معمولی بہاؤموجود ہے ۔بالائی علاقوں میں مزید بارش اور ڈیموں سے اخراج کے باعث مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا متوقع ہے ۔
این ای او سی کےمطابق دریائے راو ی میں جسر کے مقام پر اس وقت 60 ہزار 94 کیوسک کے ساتھ نارمل بہاؤ موجود ہے ۔تھین ڈیم سے پانی کے اخراج اور ممکنہ بارشوں کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی کا بہاؤ 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک متوقع ہے۔
این ای او سی کاکہناہے کہ بالائی علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے باعث دریائے راوی سے منسلک نالے بین، بسنتَر اور ڈیک میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 94 ہزار 728 کیوسک کے ساتھ نچلی سطح کا بہاؤ موجود ہے ۔
جموں و مقبوضہ کشمیر میں بارشوں اور بالائی ڈیمز بشمول سلال، بگلیہار، ڈل ہستی سے اخراج کے باعث بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہے ۔بالائی علاقوں میں بارشوں اور ڈیموں سے اخراج شدہ پانی کی آمد کے باعث مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔جموں توی اور منورتوی سمیت دریائے چناب کے معاون نالوں بشمول، پلکومیں شدید طغیانی کاخدشہ ہے ۔
این ای او سی کی جانے سے جاری الرٹ کے مطابق نشیبی و دریا کناروں کے علاقے زیر آب آنے، پشتوں میں شگاف اور فصلوں و بستیوں کے زیرِآب آنے کا خدشہ ہے ۔ مقامی آبادی، کسان اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں، بروقت حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں کی نگرانی کر رہا ہے ۔نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے۔این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے ۔
این ای او سی کاکہناہے کہ دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں ۔ممکنہ طور پر زیر آب آنے کے خطر ے سے دوچار علاقوں کے مکین انخلاء کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔انخلا ء کے بعد عارضی کمپس سے اپنے علاقوں میں واپسی کے لیے اداروں کے ہدایات پر عمل یقینی بنائیں ۔
این ای او سی نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔
ہنگامی کٹ (پانی، خوراک، ادویات) تیار رکھیں اور اہم دستاویزات محفوظ کریں۔مزید رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔