واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ 5 اداروں اور ایک شخص پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کے تحت ایران پر مزید دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے تاکہ جوہری معاہدے پر ایران کو جھکایا جا سکے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق، ان اداروں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو مدد فراہم کی، اور امریکا ان تمام عناصر کا احتساب جاری رکھے گا جو ایران کے ایٹمی عزائم کو تقویت دے رہے ہیں۔
یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات صرف دو روز بعد ہونے والے ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری پروگرام بند نہ کرے تو فوجی کارروائی کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے، اور اسرائیل بھی اس کارروائی میں شامل ہوگا۔