راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں جو منصوبہ بندی کررہا ہے اس سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے، مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے 2024 میں مختلف آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ سیکڑوں گرفتار ہوئے، آپریشنز میں 27 افغان دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 169سے زیادہ اآپریشنز کیے جارہے ہیں، دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا، آ پریشنز کے دوران دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا، بلوچ دہشتگردوں کے انتہائی مطلوب سرغنہ کو بھی جہنم واصل کیا گیا، دہشتگرد معصوم لوگوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے نوجوانوں کو استعمال کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 14مطلوب دہشتگردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا، سال 2024میں 383بہادر آفیسرز اور جوانان نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم مسلح افواج کے بہادر سپوتوں اور لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کی یہ جنگ آخری دہشتگرد، خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کرتے آرہے ہیں، فتنہ الخوارج افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہے ہیں، افغانستان میں استحکام کیلئے پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے، دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان میں موجود دہشتگردوں تک جاتے ہیں، آرمی چیف افغانستان سے دہشتگردی کیخلاف دو ٹوک موٴقف رکھتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں جو منصوبہ بندی کررہا ہے اس سے بخوبی واقف ہیں، پاکستان اپنے شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا، بھارت نے 2024 میں سیز فائر کی 25 خلاف ورزیاں کیں اور 525 فائرنگ کے واقعات ہوئے، بھارت کی جانب سے 61 بار فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے متعدد فالس فلیگ آپریشنز بھی کئے جن کا مقصد بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانا تھا، بارڈر مینجمنٹ کے تحت اسمگلنگ میں بھی کافی حد تک کمی آئی ہے، بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر خطرات سے بخوبی واقف ہیں، بھارتی سپریم کورٹ کا کشمیر کی حیثیت کے خلاف فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت میں علیحدگی پسند تنظیموں کو کچلنے کا عمل جاری ہے، بھارت میں مسلمانوں ،اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے عالمی توجہ کے منتظر ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے یو این قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہا ہے۔