اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پوری قوم وطن پر قربان ہونے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے نڈر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اورکزئی میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست اپنے محافظوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جب تک اس دھرتی پر جان نثار کرنے والے جوان موجود ہیں، ملک خداداد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین عظیم مرتبے کے حامل ہیں اور پوری قوم ان کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی صورت پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “جیل میں بیٹھے ایک شخص” کے دور میں دہشت گردوں کو واپس لایا گیا، جس سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کا انتشاری ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت کار رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہتے شہریوں، مساجد اور اسکولوں پر حملے کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو دہشت گردوں کی مکمل سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا گیا، جبکہ پی ٹی آئی نے ایک “بھگوڑے مراد سعید” کے قریبی ساتھی کو وزارت اعلیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی اسلام آباد میں بنتی ہے، کابل میں نہیں، اور یہی پالیسی جاری رہے گی۔ وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑا جائے گا اور ان قربانیوں کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سہیل آفریدی جیسے افراد کے ذریعے دہشت گردوں کو سہولت کاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے لندن کی عدالت کے حالیہ فیصلے کو پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا سبب قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ شرپسند عناصر کے بیانیے پر زوردار طمانچہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، اور قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی نے کہا کہ علی امین کو دو خواتین سے لڑائی پر نکالا گیا ۔بانی پی ٹی آئی ریاست سے ٹکر لینا چاہتا ہے علی امین کے بعد بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو فارغ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخواہ سے شروع ہوئی وہیں پر مٹے گی ۔