پشاور:پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹر فیصل جاوید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے پر وفاق سے رپورٹ طلب کرلی۔
پشاور ہائیکورٹ میں سینیٹر فیصل جاوید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق درخواست پر جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ خان نے سماعت کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کے دفتر سے جواب طلب کر لیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل جاوید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اور انہیں عمرہ کے لیے جانا ہے، لیکن ایئرپورٹ پر روکے جانے کا خدشہ ہے، عدالت نے وفاقی حکومت سے کل تک رپورٹ طلب کر لی۔
دوسری جانب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کے لیے ملک بھر میں پرامن احتجاج کریں گے، ملک گیر احتجاج سے حکومت پر پریشر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی رائے پر قدغن لگائی جا رہی ہے، وفاقی حکومت مزید نفرتوں کو ہوا دے رہی ہے، ہم ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔