اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کاکہناہے کہ سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے، حالات اتنے سنگین ہیں کہ آئین و قانون دم توڑ رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ دنیا الیکشن کروانے کا بار بار مشورہ دے رہی ہے لیکن حکومت نتیجے سے باخبر اور خوف زدہ ہے۔ سیاسی استحکام ہی معاشی اور اقتصادی استحکام کو جنم دے سکتا ہے، حالات اتنے سنگین ہیں کہ آئین و قانون دم توڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے سیاسی جال میں خود پھنس گئی ہے، پاکستانی کرنسی افغانستان، سری لنکا اور بنگلا دیش سے بھی پیچھے چلی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی سیاست تھی کہاں جو داوٴ پر لگائی، داوٴ پر صرف غریب لگا، اپنی ذات کیلئے قانون بنائے اور کیسوں سے نجات پائی، جو سیاسی کھچڑی پک رہی ہے اس کی ہنڈیا ابھی چولہے پر نہیں چڑھی، جب ہنڈیا اترے گی تو پتا لگے گا کہ کھچڑی بنی یا کھچڑا۔
شیخ رشیداحمد نے کہا کہ سیاسی چھتریوں پر آوارہ سیاسی پرندے ادھر سے ادھر بیٹھ رہے ہیں، لیکن دانا کس کو پڑتا ہے فیصلہ ہونا باقی ہے، معاشی، سیاسی حالات اس جگہ پہنچ چکے ہیں کہ ہم نے 25 ارب ڈالر دنیا کے دینے ہیں، ہمارے پاس ریزرو میں صرف 4 ارب ڈالر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے قرضے لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال میں اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا انہوں نے ایک سال میں لے لیا پھر کہتے ہیں اسحاق ڈار اور ٹیم تجربہ کار ہے، دیر سویر الیکشن کروانے پڑیں گے، 13 اگست اسمبلیاں توڑنے کیلئے ریڈ لائن ہے، لیکن الیکشن نہیں رک سکتے۔