اسلام آباد:صدر مملکت، وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین پیپلز پارٹی، اور دیگر اہم شخصیات نے ارشد ندیم کی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی اور گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “ارشد ندیم نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کیا۔ فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں ان کی کارکردگی مثالی رہی۔ پوری قوم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، اور ہم سب کو ان کی کارکردگی پر فخر ہے۔” صدر مملکت نے مزید کہا کہ وہ ارشد ندیم کی آئندہ کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ارشد ندیم کو شاندار فتح پر خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا، “ارشد ندیم قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی محنت، لگن اور کارکردگی سبز ہلالی پرچم کی شان میں اضافہ ہے۔ وہ نوجوان ایتھلیٹس کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہے، آمین۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا، “شاباش ارشد ندیم! آپ نے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ہمیں آپ پر ناز ہے۔” انہوں نے ارشد ندیم کو پاکستان کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی محنت اور عزم کی بہترین مثال ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا، “ارشد ندیم نے اپنی محنت، لگن اور ثابت قدمی سے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ وہ آنے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ ان کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی خواہش رکھتا ہوں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا، “ارشد ندیم نے ایک بار پھر گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سرفخر سے بلند کیا۔ انہوں نے پاکستان کا نام روشن کر کے دل جیت لیے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ “ارشد ندیم نے جنوبی کوریا کے میدان میں پاکستان کا پرچم فخر سے لہرایا۔ ان کی کامیابی اولمپکس سے ایشیا تک جگمگا رہی ہے۔ ان کی محنت اور جذبہ ہر نوجوان کے لیے مشعل راہ ہے۔